قانون ساز اسمبلی کے رکن مقبول احمد گجر نے حلف اٹھا لیا
مقبول گجر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن منسوخ کر کے اسماعیل گجر کو کامیاب قرار دیا گیا تھاسپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے 2سال کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سنا یا تھا
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 35 ٹو سے نو منتخب رکن مقبول احمد گجر نے عہدے کا حلف اٹھا لیا ،سپیکر اسمبلی چودھری محمد لطیف اکبر نے حلف لیا ۔حلف برداری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مقبول احمد گجر نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ الحاق ریاست جموں و کشمیر کے نظریے پر مکمل یقین رکھتے ہیں وہ کشمیری عوام خصوصاً کشمیری مہاجرین کے مسائل کے حل کے لئے ذمہ داریاں ایمانداری اور دیانتداری سے ادا کریں گے ۔ واضح رہے کہ عام انتخابات میں مقبول احمد گجر نے حلقہ ایل اے 35 ٹو سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم بعد ازاں کامیابی کا نوٹیفکیشن منسوخ کر کے اسماعیل گجر کو کامیاب قرار دے دیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر میں اپیل دائر کی جہاں 2 سال تک کیس کی سماعت جاری رہی ،عدالت عظمیٰ نے تفصیلی سماعت کے بعد مقبول احمد گجر کو کامیاب قرار دے دیا جس کے بعد انہوں نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔