دوسری شادی کیلئے جواری کو پیسے دیکر بیوی کو قتل کرایا
ملزم یاسر کی واردات سے قبل خاتون سے زیادتی ،جاگنے پر 3 سالہ بچی کو بھی مار دیا گرفتار شوہر مصطفی اور ساتھی یاسر کا اعتراف جرم،ملزموں کا 6روزہ جسمانی ریمانڈ
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)گرجاکھ میں ماں بیٹی کے قتل کیس میں اہم انکشاف ہوا ہے ، گرفتار ملزم یاسر نے اعتراف جرم کرتے ہوئے پولیس کو بیان دیا کہ قتل سے پہلے خاتون کو زیادتی کا بھی نشانہ بنایا، زیادتی کے بعد خاتون کو بتایا کہ اس کے شوہر کے کہنے پر قتل کر رہا ہے ۔ایس پی سٹی حنا نیک بخت کی زیر نگرانی انچارج اے وی ایل ایس سرفراز انجم سیکھو کی زیر قیادت اور ایس ایچ او عادل اقبال ودیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیموں نے ماں اور بیٹی کے اندوہناک قتل کے واقعہ کو 12گھنٹوں میں ٹریس کر کے ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔
سی پی او ڈاکٹر غیاث گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار شوہر مصطفی اور اس کے ساتھی یاسر نے اعتراف جرم کر لیا ۔ ملزم شوہر نے دوسری شادی کیلئے بیوی کے قتل کا منصوبہ بنایا جبکہ ملزم یاسر جوئے میں رقم ہار کر مقروض تھا جسے مصطفی نے ڈیڑھ لاکھ روپے کے عوض قتل پر آمادہ کیا۔منصوبے کے تحت شوہر گھر سے نکلا جبکہ یاسر گھر میں داخل ہوا، جہاں اس نے خاتون ندا بی بی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا،واردات کے دوران جاگنے والی 3 سالہ بچی درعدن کو بھی ملزم نے شناخت چھپانے کیلئے قتل کر دیا۔ ملزم یاسر کے انکشاف پر آلہ قتل اور ایڈوانس میں لی گئی طلائی بالیاں صرافہ بازار سے برآمد کر لی گئیں۔ عدالت نے ملزموں کو 6 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔