محرم میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائینگے:آر پی او

محرم میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائینگے:آر پی او

شیعہ علما کونسل کے وفد کی اشتیاق کاظمی کی قیادت میں خرم شہزاد وڑائچ سے ملاقات

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)آرپی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ سے شیعہ علما کونسل کے وفد نے اشتیاق حسین کاظمی کی قیادت میں آرپی اوآفس میں ملاقات کی ،میٹنگ کا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانا، مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کیلئے مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ تمام مکاتب فکر کے علما کرام باہمی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ میں کردار ادا کریں۔

اجلاس میں محرم الحرام سے قبل جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد، جلوسوں اور مجالس کے روٹس اور اوقات کار کی بروقت منظوری، سکیورٹی پلان کو مؤثر بنانے ، ممکنہ ہنگامی صورتحال کیلئے متبادل انتظامات اور روایتی پروگرامز کو برقرار رکھنے جیسے امور پر غور کیا گیا۔علما کرام نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کر اتے ہوئے کہا کہ وہ امن و امان کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور عوام میں برداشت، بھائی چارے اور نظم و ضبط کا پیغام عام کریں گے ۔آخر میں آر پی او گوجرانوالہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس تمام مکاتب فکر کے تعاون سے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے پرامن ماحول برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں