سکول وینز میں ایل پی جی سلنڈرز کی تنصیب کا انکشاف، طلبہ کی سلامتی کو خطرہ
علی پورچٹھہ ، احمد نگر چٹھہ اور نواح میں طلبہ کو لانے لے جانے والی گاڑیوں میں ایندھن کیلئے گیس کا استعمال ، والد ین اور شہریوں کا اظہار تشویش ، متعلقہ حکام سے طلبہ کی حفاظت کیلئے اقدامات کامطالبہ
علی پورچٹھہ ، احمد نگر چٹھہ (تحصیل رپورٹر ، نمائندہ دنیا )سکول وینز میں ایل پی جی سلنڈرز کی تنصیب کا انکشاف ہوا ہے ، شہریوں اور والدین میں شدید تشویش پائی جانے لگے ، شہریوں کی جانب سے ایک سروے میں صورتحال کو طلبہ کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا گیا ۔ کلاسکے میں چلنے والی متعدد تعلیمی وینز روزانہ درجنوں طلبہ کو سکولوں اور کالجوں تک لے جاتی ہیں تاہم ان میں غیر معیاری طریقے سے ایل پی جی سلنڈرز نصب کئے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گاڑیوں میں حفاظتی اصولوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مناسب اقدامات دکھائی نہیں دیتے ۔ والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے مگر اس اہم معاملے پر متعلقہ اداروں کی توجہ کم ہے ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں جانی نقصان سنگین ہو سکتا ہے ۔ شہری حلقوں کے مطابق ٹرانسپورٹ میں اس نوعیت کی تبدیلیاں انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہیں ، حکام نو ٹس لیکر کارروائی کر یں۔