وارڈن چالانوں میں مصروف : گھنٹوں ٹریفک جام شہریوں کیلئے درد سر
سیالکوٹ میں خادم علی روڈ، دارہ آرائیاں، ضلع کچہری چوک، حاجی پورہ، فتح گڑھ، شہاب پورہ، کشمیر روڈ، گوہد پور میں ٹریفک جام کے با عث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ) سٹی ٹریفک پولیس ٹریفک کو رواں رکھنے میں بری طرح ناکام ،تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ اور گردونواح میں سٹی ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے شہریوں منٹوں کا سفر کئی گھنٹوں میں طے کرنے لگے جبکہ مختلف چوکوں اور شاہرات پر کھڑے ٹریفک وارڈن شہریوں سے بدتمیز ی کرنے اور چالان کرنے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ سیالکوٹ شہر میں مختلف چوکوں میں لگنے والے سیف سٹی کیمروں کے باوجود تین تین ٹریفک وارڈن موجود ہیں جو ٹریفک کو رواں رکھنے کے بجائے موبائل فون استعما ل اور چالان کرتے نظر آتے ہیں ،خادم علی روڈ، دارہ آرائیاں، ضلع کچہری چوک، حاجی پورہ، فتح گڑھ، شہاب پورہ، کشمیر روڈ، گوہد پور میں کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہنے لگی، شہری منٹوں کا سفر کئی گھنٹوں میں طے کرنے لگے جبکہ سکول سے ایک بجے چھٹی کرنے والے بچے ٹریفک جام کی وجہ سے 3 سے 4بجے تک گھروں میں پہنچنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ سیالکوٹ میں ٹریفک رواں رکھنے کیلئے فرض شناس اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل آفیسرزکو تعینات کیا جائے ۔