اساتذہ کامطالبات منظور نہ ہونے پرتحریک چلانے کا اعلان
7مئی کو اگیگا کی کال پر پنجاب بھر میں احتجاج کیا جائیگا:ریاض تارڑ‘فیاض وڑائچ
حافظ آباد (نمائندہ دُنیا)آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا)اور متحدہ محاذ اساتذہ کے ضلعی قائدین نے پنجاب حکومت کی پالیسیوں کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبات منظور نہ ہونے پر صوبہ بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ ریاض تارڑ، فیاض وڑائچ، چوہدھری رفیق، عقیل آزاد ودیگر رہنمائوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پنجاب حکومت سرکاری ملازمین کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان وعدوں کی پاسداری کریں اور سرکاری ملازمین کو اُنہی شرائط پر ریٹائر کیا جائے جن پر انہیں بھرتی کیا گیا تھا،جیسا کہ دیگر صوبوں اور وفاقی ملازمین کیلئے رائج ہے ۔ لیو انکیشمنٹ، گریجوایٹی اور پنشن سے متعلق متعارف کروائی گئی پالیسیوں کو فوری واپس لیا جائے ۔ ارکان اسمبلی اور سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافہ ہو سکتا ہے تو اسی تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائے جبکہ ہاؤس رینٹ اور کنوینس الاؤنس آج بھی 2005کی بنیاد پر دیا جا رہا ہے جو ناانصافی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے اپنے فیصلوں پر نظر ثانی نہ کی تو آئندہ 7 مئی کو اگیگا کی کال پر پنجاب بھر کے اضلاع میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔