میٹرو منصوبے کے نام پر کھدائی سے شہر کھنڈر میں تبدیل

 میٹرو منصوبے کے نام پر کھدائی سے شہر کھنڈر میں تبدیل

صرف کھدائی پر اربوں خرچ، تحقیقات سمیت مسائل حل کئے جائیں :طارق محمود

لدھیوالہ وڑائچ (نامہ نگار )پنجاب حکومت نے مناسب منصوبہ بندی کے بغیر گوجرانوالہ میں میٹرو منصوبے کے نام پر کھدائی شروع کر کے شہر کو کھنڈر میں تبدیل کر دیا جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما سابق ایم این اے میاں طارق محمود نے میڈیا سے گفتگو میں کہا موڑ ایمن آباد سے پنڈی بائپاس تک کھدائی کرنے سے روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام رہتی ہے ، شہریوں، ملازمین طلبہ اور مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لوگ گھروں اور دفاتر پہنچنے کیلئے طویل انتظار پر مجبور ہیں ، ایمبولینسزکی آمدورفت بھی متاثر ہو رہی ہے ۔جگہ جگہ کھدائی سے گرد و غبار ٹریفک جام اور کاروباری سرگرمیوں کی تباہی نے زندگی مفلوج کر دی ہے متعلقہ حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ابھی تک میٹرو منصوبے کیلئے کوئی واضح پلان بھی تیار نہیں کیا جا سکااسکے باوجود اربوں روپے صرف کھدائی اور ابتدائی سرگرمیوں پر خرچ کیے جا چکے ہیں یہ سب کچھ شفافیت کے بغیر کیا جا رہا ہے جس سے کرپشن کے خدشات جنم لے رہے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ میٹرو منصوبے کی فوری تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں