اساتذہ اور ملازمین کی ملازم کش پالیسیوں کیخلاف احتجاجی ریلی
سکول پرائیویٹائزکرنے سے نظام ِتعلیم تباہ ‘مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ وسیع :نواز انجم
منڈی بہاؤالدین (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنجاب ٹیچرز یونین اور اگیگا کی کال پرضلع بھر کے اساتذہ اور ملازمین نے پنجاب حکومت کی ملازم کش پالیسیوں کیخلاف ڈی او ایجوکیشن آفس سے پریس کلب منڈی بہائوالدین تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت پی ٹی یو کے ضلعی صدر ڈاکٹر نواز انجم نے کی۔ ڈاکٹر نواز انجم، چیئرمین منشا گوندل، میڈیا کوآرڈینیٹر ارشد ڈڈ، سیف اللہ رانجھا، قیصر شہزاد تارر، تقی حسنین نے خطاب میں کہا پنجاب حکومت مسلسل ملازمین اور بالخصوص اساتذہ کیخلاف پالیسیاں بنا کر انہیں نافذ کر رہی ہے ۔ وفاق سمیت تمام صوبوں نے بجٹ 2025میں ملازمین کو 30 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دیا تھا لیکن پنجاب حکومت نے نہیں دیا۔ پنجاب حکومت نے پنشن رولز میں تبدیلی، لیو انکیشمنٹ کا خاتمہ، رولز 17اے ختم کرکے ملازمین کا معاشی قتل کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اگیگا سے کئے گئے وعدے پورے کریں۔ حکومت سکولوں کی پرائیویٹائزیشن کے ذریعے نظامِ تعلیم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے ۔ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات پورے نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا۔