تجاوزات پر کاروائیاں، ٹیکس ریکوری تیز کرنے کا فیصلہ
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کاجائزہ اجلاس، محکمانہ کارروائیوں پربریفنگ ،بجلی چوری‘ ریکوری اقدامات، انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے اہداف مقرر کرنیکی ہدایت
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا ماہانہ جائزہ اجلاس ہوا، چیئرمین ڈی سی سی ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد اور کرنل عبدالستار (پاک آرمی)نے صدارت کی ۔پی ایچ اے ، تعلیم، ہیلتھ ، ماحولیات، ایف بی آر، کسٹمز، ٹریفک پولیس، موٹروے پولیس، ہائی ویز پولیس، چیف آفیسرز میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیز، سول ڈیفنس، گیپکو، انڈسٹریز، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ودیگر محکموں کے نمائندوں نے فورم کو ماہانہ کارروائیوں پر بریفنگ دی۔ محکمہ ایکسائز کی طرف سے پراپرٹی ٹیکس، ایکسائز ڈیوٹی، پروفیشنل ٹیکس، ٹیکس آن ہائی ویز، موٹر ٹیکس، لگژری گھروں پرعائد ٹیکس کی ریکوری، مدارس رجسٹریشن، تجاوزات خاتمے کیلئے جاری آپریشن، ریڑھیوں کی روڈ سے مخصوص ریڑھی بازاروں میں منتقلی، سروس روڈز، جی ٹی روڈ پر قائم ناجائز کار شو رومز کیخلاف کارروائیوں کا دائرہ کار مزید بڑھانے سمیت رکشوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں غیرقانونی ایل پی جی گیس سلنڈرز کے استعمال کی روک تھام سے قبل جاری آگاہی مہم میں مزید وسعت لانے ، رکشہ یونین، دیگر سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ کرنے ، شہر میں آگاہی کیلئے بڑے بورڈز آویزاں کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اس فورم کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے بجلی چوری، ریکوری اقدامات، انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے واضح اہداف مقرر کریں ۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور کرنل عبدالستار نے خطاب میں کہا بھکاریوں کو کرایہ پر جگہ دینے اور انکی سہولت کاری کرنیوالوں کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائیگی، اوور لوڈنگ پر گاڑیوں کوموقع پر آف لوڈ کرکے مقدمات درج کئے جائینگے ۔