گلیانہ، ملکہ میں کتوں کی بھرمار ،کاٹنے کے واقعات
شہری شفقت اعوان پر حملہ ، ہسپتال داخل ، شکایات کے باوجود انتظامیہ تماشائی
گلیانہ (نامہ نگار )گلیانہ، ملکہ، آمنہ آباد اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی بھرمار نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ۔ علاقے میں درجنوں آوارہ کتے آزادانہ گھوم رہے ہیں اور متعدد افراد کو کاٹنے کے واقعات بھی سامنے آ چکے ہیں۔گزشتہ روز ملکہ کے رہائشی شفقت نذیر اعوان کو آوارہ کتے نے حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا جنہیں فوری طور پر سی ایم ایچ کھاریاں منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔ واقعہ کے بعد اہل علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور شہریوں نے بچوں اور بزرگوں کی حفاظت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے ۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ اداروں کو شکایات درج کر ائی جا چکی ہیں تاہم تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن سے فوری نوٹس لینے اور آوارہ کتوں کے خاتمے کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے ۔