بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے پرعز م ہیں:ذیشان رفیق
اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے بغیر عوامی مسائل کا حل ممکن نہیں:صوبائی وزیر
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں مضبوط، مستحکم اور بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام اور بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے ، اس سلسلے میں ابتدائی انتظامات مکمل کرکے متعلقہ امور الیکشن کمیشن کے سپرد کئے جا چکے ہیں اور آئینی و قانونی تقاضے مکمل ہوتے ہی عوام کو اپنی مقامی قیادت منتخب کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا ، حقیقی جمہوریت کا استحکام مضبوط بلدیاتی اداروں سے وابستہ ہے اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے بغیر عوامی مسائل کا پائیدار حل ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب میں مقامی جمہوری حکومتوں اور انتخابی عمل کی مضبوطی کے موضوع پر منعقدہ صوبائی سطح کی گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مضبوط بلدیاتی نظام میں خواتین، اقلیتوں، کسانوں، مزدوروں، خواجہ سرا افراد، خصوصی افراد اور دیگر محروم طبقات کی م¶ثر نمائندگی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک منصفانہ، شفاف اور بااختیار مقامی نظام ہی معاشرتی ہم آہنگی، مساوات اور ترقی کی حقیقی ضمانت فراہم کرتا ہے ۔چیئرمین پنجاب لینڈ ریونیوکی اتھارٹی چودھری طارق سبحانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اختیارات کی حقیقی منتقلی گراس روٹ لیول تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں۔