تتلے عالی: واٹر سپلائی ٹینک، فلٹریشن پلانٹس، سیم نالہ پل کی تعمیر کے منصوبے نظر انداز

تتلے عالی: واٹر سپلائی ٹینک، فلٹریشن  پلانٹس،  سیم نالہ پل کی تعمیر کے منصوبے نظر انداز

علاقہ مکینوں کو صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب یقینی بنانے کیلئے 4منصوبے سالانہ ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل کئے گئے ‘مال سال ختم ہونے کو آ گیا ، کسی منصوبے پر بھی کام شروع نہ ہوسکا

تتلے عالی(نامہ نگار )مالی سال ختم ہونے کو آگیا ،تتلے عالی میں واٹرسپلائی ٹینکی، فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب،سیم نالہ پل کی تعمیراورڈسپوزل سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر کام شروع نہیں ہو سکا ۔تفصیلات کے مطابق تتلے عالی کے مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کویقینی بنانے کیلئے 4 منصوبہ جات سالانہ ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل کئے گئے تھے ،سرکاری ذرائع کے مطابق ان منصوبوں کیلئے کروڑوں روپے فنڈز بھی مختص کئے گئے تھے۔

ان میں تتلے عالی کے مکینوں کیلئے واٹرسپلائی ٹینکی، کامونکی روڈ نزد تھانہ تتلے عالی،نوشہرہ روڈ باالمقابل قبرستان، گورنمنٹ ہائرسیکنڈری سکول ،محلہ راجپوتاں اور شیخوپورہ روڈ پانچ مقامات پر واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب،سیم نالہ کے خستہ ہال پل کی تعمیر اور نکاسی آب کیلئے کامونکی روڈ پرواقع ڈسپوزل سٹیشن کی اپ گریڈیشن شامل تھے، عوامی فلاحی منصوبوں پررواں مالی سال میں کام کا آغاز ہونا تھا لیکن سیاسی وبیوروکریسی کی مبینہ غفلت کے باعث کسی ایک منصوبہ پر بھی کام شروع نہیں ہو سکا ۔ شہریوں نے سہولیات فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں