پٹرول کی قیمتوں میں کمی، رکشوں کے کرا ئے برقرار

 پٹرول کی قیمتوں میں کمی، رکشوں کے کرا ئے برقرار

شہریوں کو مشکلات، نظر ثانی ہو نی چاہیے ‘ یونین کے ہاتھوں مجبور ہیں:ڈرائیور

کامونکے (تحصیل رپورٹر )پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی، مگر مقامی رکشوں کے کرایے برقرار، شہریوں کا انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ بتایا گیا ہے کہ کامونکے سے سادھوکی، تتلے عالی اور دیگر نواحی دیہات جانے والے مقامی رکشوں کے کرایوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود کوئی کمی نہ ہونے پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کامونکے ، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں شہریوں کا کہنا ہے کہ جب پٹرول کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ گئی تھیں تو سادھوکی اور تتلے عالی جیسے قریبی روٹس پر فی سواری کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 80روپے کر دیا گیا تھا اور مقامی محلوں میں جانے والے رکشوں کا کرایہ بھی بیس روپے ، تیس روپے سے آضافہ کرکے پچاس روپے فی سٹاپ کردیا گیا تھا، جبکہ بعض رکشہ ڈرائیور 90 سے 100 روپے تک وصول کرنے لگے ۔ اب پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی آ چکی ہے مگر کرایے بدستور وہی وصول کئے جا رہے ہیں جس سے روزانہ سفر کرنے والے طلبہ، مزدور، ملازمین اور دیگر شہری اضافی مالی بوجھ برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ اس حوالے سے ایک رکشہ ڈرائیور نے بتایا کہ انہیں بھی احساس ہے کہ موجودہ حالات میں کرایوں پر نظرثانی ہونی چاہیے ، تاہم وہ اپنی یونین کے ہاتھوں مجبور ہیں جنہوں نے موجودہ کرایوں سے کم وصول کرنے سے منع کر رکھا ہے ۔ ڈرائیور کے مطابق اگر کوئی کم کرایہ وصول کرے تو اسے رکشہ چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر گوجرانولہ، اسسٹنٹ کمشنر کامونکے اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ رکشہ کرایوں کا ازسرنو جائزہ لے کر سرکاری نرخ مقرر کیے جائیں اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں