گجرات:ساتھی کے نہر میں ڈوبنے پر 4لڑکے بھاگ گئے
خوفزدہ ہو نے کے با عث کسی کو نہیں بتایا ‘ 13سالہ اللہ رکھا کے ساتھیوں کا انکشاف
گجرات(سٹی رپورٹر )تھانہ دولت نگر کے علاقہ گاؤں خانووال سے لاپتہ ہونیوالے 13سالہ بچے اﷲ رکھا کی لاش برساتی نالے سے برآمد ہونے کے واقعہ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہو ئی ہے ۔ 2جولائی کو لاش ملنے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ کرائم سین یونٹ اورPFSA کی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کئے ۔ابتدائی تحقیقات کے دوران متوفی کے چار کم عمر دوستوں نے انکشاف کیا کہ وہ سب ایک ساتھ گاؤں کے برساتی نالے میں نہانے گئے تھے ، جہاں اﷲ رکھا گہرے پانی میں چلا گیا جس پر انہوں نے اسے متعدد بار آوازیں دیں تاہم وہ پانی میں غائب ہو گیا۔ خوفزدہ ہونے کے باعث چاروں بچے وہاں سے بھاگ گئے اور فوری طور پر کسی کو واقعہ سے آگاہ نہیں کیا، جسکے نتیجے میں بچے کی گمشدگی کا معاملہ سامنے آیا۔ابتدائی میڈیکل رپورٹ، جائے وقوعہ سے حاصل ہونیوالے شواہد، گواہوں کے بیانات اور پولیس کی تفتیش کی روشنی میں اب تک بچے کے ساتھ کسی بھی قسم کے مجرمانہ فعل کے شواہد سامنے نہیں آئے ،یہ واقعہ گہرے پانی میں ڈوبنے کے باعث پیش آیا۔