سمبڑیال :ایمر جنسی وارڈ نئی عمارت میں منتقل کرنے کا حکم

سمبڑیال :ایمر جنسی وارڈ نئی عمارت میں منتقل کرنے کا حکم

ڈپٹی کمشنر کا دورہ ، شہری سہولیات، صفائی ستھرائی، ترقیاتی و انتظامی امور کا جائزہ

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے تحصیل سمبڑیال کا دورہ کیا اور شہری سہولیات، صفائی ستھرائی، ترقیاتی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال اور متعلقہ محکموں کے افسر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمبڑیال کا دورہ کیا جہاں مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے پیتھالوجی لیب، ڈرگ سٹور، فارمیسی، او پی ڈی اور ایمرجنسی سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی وارڈ کو نئی عمارت میں منتقل کرنے جبکہ پیڈز اور گائنی وارڈز کو نئے بلاکس میں منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی، طبی سہولیات اور مجموعی انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری، بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے شہر کی گرین بیلٹس، \"ستھرا پنجاب\" پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی، نالوں کی صفائی، ڈسپوزل سٹیشن، ریڑھی بازار اور مین بازار کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسپوزل سٹیشن کے تالاب کے گرد حفاظتی دیوار تعمیر کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری حفاظتی اقدامات فوری مکمل کیے جائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...