سیالکوٹ : چالانوں پر زور، ٹریفک نظام درہم برہم
وار ڈن کارکردگی دکھانے کیلئے چالان کرکے شہریوں کو خوار کرنے لگے ،ٹریفک جام کے با عث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )شہر میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا جبکہ وارڈن ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے بجائے موبائل کے استعمال اور چالان پر زور دیکر کارکردگی دکھانے لگے ، سیالکوٹ شہر اور گردونواح میں ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی اور ڈیوٹی پر تعینات وارڈن شہریوں کیلئے عذاب بن چکے ہیں۔ خادم علی روڈ، شہاب پورہ روڈ، ڈیفنس روڈ، کشمیر روڈ، مجاہد روڈ، خواجہ صفدر روڈ، حاجی پورہ روڈ، امام صاحب روڈ، نیکاپورہ ،سرکلر روڈ ،مین بازار کینٹ چوک سمیت متعدد شاہرات پر ٹریفک وارڈن اکثر وبیشتر موبائل فون میں مصروف رہتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے ، وار ڈن کارکردگی دکھانے کیلئے چالان کرکے شہریوں کو ذلیل وخوار کررہے ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس آفیسر ز کی عدم دلچسپی اور ناقص حکمت عملی کے باعث شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں ۔ شہریوں نے ریجنل پولیس آفیسر خرم حیدروڑائچ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دوست محمد سے مطالبہ کیا ہے کہ سیالکوٹ میں ٹریفک کو رواں رہنے کیلئے مناسب حکمت عملی بنائی جائے ،بد اخلاق ٹریفک وارڈن کیخلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں دفاتر میں رکھا جائے تاکہ شہریوں کی تذلیل کا سلسلہ بند ہوسکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments