عید میلاد النبیؐ پر فول پروف سکیورٹی انتظامات ہونگے :ڈپٹی کمشنر
ضلعی انتظامیہ، پولیس ،متعلقہ ادارے باہمی رابطے سے فرائض انجام دینگے :سی ٹی او
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )جشن عید میلاد النبی ؐکے سلسلہ میں پولیس لائن گوجرانوالہ میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں ضلع بھر سے جلوسوں کے منتظمین، علما کرام اور ممبران ضلعی امن کمیٹی نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور سٹی پولیس آفیسر سردار غیاث گل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر امن و امان، سکیورٹی اور بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور تعاون سے فرائض سرانجام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور دیگر مذہبی پروگراموں کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے جبکہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، لائٹنگ، پیچ ورک اور دیگر ضروری انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے علما کرام پر زور دیا کہ وہ محراب و منبر سے امن، بھائی چارے ، رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام عام کریں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نوید احمد درگاہ حضرت ابوالبیان کا دورہ کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ ضلعی افسر وں اور ممبر ضلعی امن کمیٹی سعید احمد صدیقی مجددی کے ہمراہ عالمی ادارہ تنظیم الاسلام کے زیر اہتمام مشعل بردار جلوس عید میلاد النبی ؐ کے روٹ کا بھی معائنہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments