مویشیوں کی شہر سے منتقلی ، پیرا فورس کو ٹاسک
باڑوں کی مر حلہ وار منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا ،ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس اور تجاوزات کیخلاف بھی بلا امتیار سخت کارروائی کی جائیگی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)حکومتی ہدایت پر ایک بار پھر اندرون شہر سے مویشی باہر نکالنے کا فیصلہ ،پیرا فورس کو شہری حدود میں مویشیوں کی باہر منتقلی، تجاوزات خاتمے اور قانون کی خلاف ورزیوں کیخلاف مؤثر کارروائیوں کا ٹاسک دے دیا گیا ۔ گزشتہ روزڈپٹی کمشنر نوید احمد کی زیرصدارت پیرا فورس کی کارروائیوں اور قانون کی رٹ کے نفاذ کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تجاوزات کے خاتمے ، شہری حدود سے مویشیوں کے باڑے باہر منتقل کرنے اور آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس کیخلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے پیرا فورس کو ہدایت کی کہ تجاوزات کیخلاف بلاامتیاز اور مسلسل آپریشن کیا جائے ، سڑکوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک رکھا جائے اور شہری حدود میں قائم مویشیوں کے باڑوں کی مرحلہ وار منتقلی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کیخلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایت کی۔اجلاس میں اے ڈی سی انفورسمنٹ فہد اعجاز بٹ، اے سی صدر فیصل مجید، ایس ڈی اوز پیرا سٹی و صدر نے بھی شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments