میر چاکر اعظم رند ایسوسی ایٹ کالج کوٹ ادو کا افتتاح
اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی سہولت ‘علاقے کے طلبہ کیلئے اہم پیش رفت قرار
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)سابق صوبائی وزیر ملک احمد یار ہنجرا اور ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم نے گورنمنٹ میر چاکر اعظم رند ایسوسی ایٹ کالج کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ملک احمد یار ہنجرا نے کالج کے قیام کو علاقے کے طلبہ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے مواقع نوجوان نسل کی ترقی اور علاقے کے روشن مستقبل کے لیے ضروری ہیں۔ نئے کالج کے آغاز سے مقامی طلبہ کو اپنے علاقے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی سہولت میسر آئے گی اور انہیں تعلیم کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ بنیادی ذریعہ ہے جس کے ذریعے نوجوانوں کو باصلاحیت بنا کر ملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے ملک احمد یار ہنجرا کے ہمراہ کالج کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کا جائزہ لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم پر بھرپور توجہ دیں اور محنت و لگن کو اپنا شعار بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معیاری تعلیم نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے ، اس لیے طلبہ مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ کالج میں باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments