جہیز کا سامان واپس لینے پر میکے اور سسرال والوں میں تصادم
سسر کو سوٹے کے وار کرکے زخمی ، بیوی کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹنے کا الزام
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)جہیز کا سامان واپس لینے پر میکے اور سسرال والے آپس میں لڑ پڑے ، سابق فوجی سسر کو مبینہ طور پر سوٹے کے وار کرکے زخمی کردیا گیا جبکہ ملزم پر اس کی بیوی کو بالوں سے پکڑ کر صحن میں گھسیٹنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے ۔ پولیس نے کارروائی شروع کردی۔ تھانہ دائرہ دین پناہ میں موضع ہنجرائی مستقل غربی کے رہائشی سابق فوجی عبدالمجید کی مدعیت میں درج درخواست کے مطابق تقریباً 20 روز قبل وہ گھر میں موجود تھا کہ غلام عباس اور محمد اشرف اس کے بیٹے کے سسرالی گھر آئے اور کہا کہ وہ اپنی بیٹی کا جہیز کا سامان لینے آئے ہیں۔ عبدالمجید نے انہیں سامان اٹھانے کی اجازت دے دی، تاہم دونوں مبینہ طور پر گالم گلوچ کرنے لگے ۔ منع کرنے پر غلام عباس نے سوٹا اٹھا کر عبدالمجید کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ اسی دوران محمد اشرف نے مبینہ طور پر عبدالمجید کی اہلیہ کو بالوں سے پکڑ کر صحن میں گھسیٹنا شروع کردیا۔ شور سن کر اہل محلہ موقع پر پہنچ گئے اور مداخلت کرکے دونوں کو چھڑایا۔ پولیس نے سابق فوجی عبدالمجید کی مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments