ارشد صدیقی کی گرفتاری، کوٹ ادو ، چوک سرور بارز کی ہڑتال

ارشد صدیقی کی گرفتاری، کوٹ ادو ، چوک سرور بارز کی ہڑتال

وکلاء کی گرفتاری کی مذمت اور رہائی کا مطالبہ، عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)سابق صدر کوٹ ادو بار ایسوسی ایشن و سینئر ایڈووکیٹ محمد ارشد صدیقی کی گرفتاری کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوٹ ادو، تحصیل بار ایسوسی ایشن چوک سرور شہید اور پنجاب بار کونسل کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ احتجاجاً ڈسٹرکٹ بار کوٹ ادو اور تحصیل بار چوک سرور شہید میں مکمل ہڑتال کی گئی، جس کے باعث وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے اور عدالتی امور متاثر ہونے سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈسٹرکٹ بار کوٹ ادو کے صدر سردار اقبال خان نمبردی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، جنرل سیکرٹری غلام مصطفیٰ عمران بھٹی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ اور دیگر عہدیداران نے مذمتی بیان میں محمد ارشد صدیقی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان سے اظہار یکجہتی اور رہائی کا مطالبہ کیا۔ تحصیل بار چوک سرور شہید کے صدر سردار ریاض الحق خان چانڈیہ اور جنرل سیکرٹری چودھری محمد ممتاز جٹ نے بھی گرفتاری کے خلاف مکمل ہڑتال کا اعلان کیا۔ بار کی جانب سے جاری بیان میں اختلاف رائے کو مقدمات کے ذریعے دبانے کی کوشش کو ناقابل قبول قرار دیا گیا۔ ادھر پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری قیصر نذیر احمد ساہی، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی چودھری ارشد علی بنجراء اور ڈی جی خان ڈویژن کے ارکان نے بھی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ڈی پی او سے واقعے کا نوٹس لینے ، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور وکلا و اہل خانہ کو ہراساں کرنے کا سلسلہ روکنے کا مطالبہ کیا۔ ہڑتال کے باعث عدالتی کارروائی متاثر ہوئی اور سائلین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...