گرفتاریوں سے سیاسی اختلافات ختم نہیں کئے جاسکتے :روبا ڈار
27 ستمبر کے لانگ مارچ سے قبل حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے :رہنما پی ٹی آئی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )تحریک انصاف کی سابق ٹکٹ ہولڈر روبا عمر ڈار نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ سے قبل حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں، سیاسی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن، گرفتاریوں اور راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے اقدامات قابل مذمت اور تشویشناک ہیں۔ سٹی سیکرٹری اطلاعات ونشریات میاں شان علی قمر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج اور اختلافِ رائے جمہوری سیاست کا حصہ ہیں، سڑکیں بند کرنا، کنٹینرز لگانا یا سکیورٹی اقدامات بڑھانا وقتی انتظام ہوسکتا ہے لیکن سیاسی اختلافات کا مستقل حل نہیں، حکومت کو عوام کے مسائل، مہنگائی، روزگار، معاشی مشکلات اور سیاسی بے یقینی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ ہمارے قائد عمران خان کو ساڑھے تین سال سے غیر قانونی طور پر جیل میں بند کیا ہوا ہے ،تحریک انصاف مسلسل ان کی رہائی کا مطالبہ کرتی چلی آرہی ہے ۔ عمران خان کے خلاف مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے اور انہیں سیاسی سرگرمیوں سے دور رکھنے کیلئے قید میں رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طویل حراست کے باوجود ان کے حوصلے بلند ہیں اور کارکن بھی اپنے قائد کی رہائی کیلئے آئینی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کو مقدمات اور گرفتاریوں کے ذریعے ختم نہیں کیا جاسکتا بلکہ ملک میں سیاسی استحکام کیلئے تمام فریقین کو مذاکرات اور آئینی راستہ اختیار کرنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments