نوشہرہ ورکاں:ڈائیلسز سنٹر غیر فعال،مریض خوار
تحصیل ہسپتال میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار عمارت اور مشینری بے کار ،عملہ کی تعیناتی ہو سکی نہ بجٹ کا اجرا ،وزیر صحت 2 مرتبہ افتتاح کا وعدہ کرکے نہ آئے
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر اور محکمہ صحت کے افسر وں کی بے حسی، کروڑوں روپے کا ڈائیلسز سنٹر بنا کر بھلا دیا، بلڈنگ اور مشینری بے کار، گردوں کے مریض دوسرے شہروں میں دھکے کھانے پر مجبور ہوگئے ۔ محکمہ صحت نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں ڈائیلسز سنٹر پر کروڑوں روپے خرچ کر کے عمارت اور مشینری کا کام تو مکمل کر لیا لیکن فعال کرنے کیلئے ڈاکٹرز، ٹیکنیشنز، نرسنگ سٹاف اور ادویات کیلئے تاحال کوئی بجٹ جاری نہیں کیا گیا ،نتیجتاً کروڑوں روپے کی حساس مشینیں بند کمروں میں خراب ہونے کا خدشہ ہے ۔ صوبائی وزیر صحت دو مرتبہ سنٹر کے افتتاح کا وعدہ کر کے نہیں آئے ۔گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں اور لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوشہرہ ورکاں کے سرکاری ہسپتال میں مفت ڈائیلسز کی سہولت نہ ہونے سے انہیں گوجرانوالہ شیخوپورہ اور دیگر شہروں میں ہزاروں روپے فی ڈائیلسز خرچ کرنا پڑتے ہیں جو ان کی بساط سے باہر ہے ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈائیلسز سنٹر میں عملہ تعینات کیا جائے اور فوری فعال کر کے مریضوں کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments