حافظ آباد : تجاوزات کیخلاف مہم ناکام، بااثر افراد کی ناجائز تعمیرات مسمار نہ ہوسکیں
شہر کے بعض علاقوں میں ایک سال قبل مکانوں ، دکانوں ، مساجد کو شہید کیا گیا لیکن امتیازی سلوک کے با عث با اثر افراد محفوظ ،شہریوں کا اظہار تشویش
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )حافظ آباد شہر میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کیخلاف مہم ٹھس ہوکر رہ گئی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک سال قبل تجاوزات کے خلاف چلائی گئی مہم کے دوران جلالپور روڈ سمیت شہر کے بعض علاقوں سے کئی مکانوں ، د کانوں اور مساجد کو شہید کردیا گیا لیکن متعدد علاقوں میں بااثر افراد کی تجاوزات کو ضلعی انتظامیہ مسمارکرنے میں مکمل ناکام ہے ،جناح ہال سے ملحقہ د کا نوں کے برآمدوں پر قبضہ کرکے تاجروں نے عرصہ دراز سے انہیں اپنی دکانوں میں شامل کررکھا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ بااثر افرادکے اثر ورسوخ کی وجہ سے قبضہ واگزار کراسکی اور نہ ہی مسمار کیا جا سکا حالانکہ اس سے چند قدم فاصلے پر جامع مسجد تحصیل والی کے مینار کو تجاوزات قراردیکر شہید کردیا گیا تھا اور اب اسی جگہ پر انتظامیہ کی جانب سے د کانیں تعمیرکی جارہی ہیں۔
دوسری جانب جلالپورروڈ پر بھی ایک برس سے بے شمار دکانیں اور مکان ضلعی انتظامیہ کے امتیازی سلوک کی وجہ سے کھنڈر کا منظر پیش کر رہے ہیں لیکن بااثر افراد کی عمار توں کو کسی نے ہاتھ تک نہ لگایا جس پر شہریوں میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق، چیف آفیسر اکرام اﷲسندھو سمیت دیگر افسر وں کے امتیازی رویہ کیخلاف تشویش پائی جارہی ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز ، کمشنر گوجرانوالہ اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ بااثر افراد کی جانب سے قائم تجاوزات کو بھی فوری مسمار کیا جائے اور انتظامی افسر وں کی جانب سے پسند اور ناپسند کے تحت مسمار کی جانے والی عمارتوں کا مشاہدہ کرکے ذمہ دار وں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments