شمس آباد میں 3 ماہ سے پانی کی سپلائی معطل، شکایات کے باوجود واسا حکام خاموش
انتہائی قلیل مقدار میں آنیوالا پانی آلودہ ، استعمال سے شہری بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ،فوری صاف پانی کی فراہمی یقینی نہ بنانے کی صورت میں علاقہ مکینوں کا سڑکوں پر احتجاج کا اعلان
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)شہر میں اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز سے کام جاری ہے جس میں واساکے منصوبے بھی شامل ہیں لیکن گوجرانوالہ کے گنجان آباد علاقے محلہ شمس آباد میں پینے کے پانی کی سپلائی 3 ماہ سے معطل ہے جبکہ جو پانی آتا بھی ہے وہ گندا اور پینے کے قابل نہیں، مجبوراً شہریوں کو آلودہ پانی استعمال کرنا پڑ رہا ہے جس کے نتیجے میں گیسٹرو اور ہیپاٹائٹس جیسی موذی بیماریاں تیزی سے پھیلنے لگی ہیں۔واسا کی مبینہ غفلت اور لاپروا ئی پر اہل علاقہ نے شدید احتجاج کا اعلان کر دیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ واسا اور ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث شمس آباد میں پانی کی سپلائی درہم برہم ہے جو پانی آتا ہے وہ ناقابل استعمال اور مضرِ صحت ہے ۔ سابق کونسلر رانا خالق محمود اور عابد جندران کا کہنا ہے کہ انہوں نے سنگین مسئلے پر ڈپٹی کمشنر کو بار بار آگاہ کیا لیکن واسا افسر وں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ رہائشیوں نے واضح کیا ہے کہ اگر فوری طور پر صاف پانی کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو مجبوراً سڑکوں پر نکل کر احتجاج کا راستہ اپنایا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام پر ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments