سڑکوں پر گوبر پھینکنے والوں کیخلاف پیرا کو کارروائی کا حکم
گیس پائپ لائن بچھانے کیلئے کھدائی کے مقام پر حفاظتی انتظامات کی ہدایت
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے شہر کے مختلف علاقوں، اندرون شہر کے بازاروں اور گلی محلوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، نالیوں کی ڈیسلٹنگ، نکاسی آب، تجاوزات اور میونسپل سروسز کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے رہائشی علاقوں میں بھینسوں کے باڑوں سے سڑکوں پر پھیلنے والی گندگی کا نوٹس لیتے ہوئے پیرا فورس حکام کو ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے گھروں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے انتظامات اور صفائی کے معیار کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب کی ٹیمیں مختص علاقوں میں بیٹ پلان کے مطابق صفائی یقینی بنائیں اور مانیٹرنگ کے نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ سڑکوں، گلیوں اور عوامی مقامات پر کوڑا کرکٹ جمع نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے گرجاکھی گیٹ اور اندرون شہر کے بازاروں میں گیس پائپ لائن بچھانے کیلئے کھدائی کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے کھدائی کے مقام پر ناکافی حفاظتی انتظامات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار وں کے خلاف فوری کارروائی اور شہریوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments