ہسپتالوں میں علاج معالجے کا معیار بہتر بنایا جائے :منشا اللہ
صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے :صوبائی وزیر
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشا اﷲ بٹ اور رکن صوبائی اسمبلی فیصل اکرام نے گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات، مفت ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی گفتگو کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے رائے معلوم کی۔صوبائی وزیر منشا اﷲ بٹ نے ہسپتال کی فارمیسی، مختلف وارڈز اور او پی ڈیز کا معائنہ کیا جبکہ جاری تزئین و آرائش اور بحالی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جائے اور علاج معالجے کے دوران انہیں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ منشا اﷲ بٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ترجیح ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کا معیار بہتر بنایا جائے ، مفت ادویات کی فراہمی یقینی ہو اور مریضوں کو صحت کی سہولیات کے حصول میں آسانی فراہم کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بناتے ہوئے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں خلوص، ہمدردی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کرے ۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور طبی سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments