رانا روڈٹوٹ پھوٹ کا شکار ،کئی مقامات پر گڑھے ،سفرمحال
سڑک کی خستہ حالی کے با عث مین بازار واہنڈو میں ٹریفک کا دبائو ،اصلاح کا مطالبہ
واہنڈو(نامہ نگار)واہنڈو کی اہم اور مرکزی گزرگاہ رانا روڈ 3 دہائیوں سے تعمیر و مرمت سے محروم ہونے کے باعث انتہائی خستہ حال ہو گئی ،جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار گئی اور متعدد مقامات پر گہرے گڑھے پڑ جانے کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق بارش کے دنوں میں صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے ، جب سڑک پر جمع ہونے والا پانی گڑھوں کو چھپا لیتا ہے اور پیدل چلنا بھی محال ہو جاتا ہے ۔ خاص طور پر اس سڑک پر واقع جامع مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے آنے والے نمازیوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن میں بزرگ اور بچے بھی شامل ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رانا روڈ نہ صرف رہائشی علاقوں کو ملاتی ہے بلکہ یہ متبادل راستے کے طور پر بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے ، اگر سڑک کی تعمیر کر دی جائے تو مین بازار میں ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکتی ہیں۔علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام، محکمہ ہائی ویز اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ رانا روڈ کی فوری بنیادوں پر تعمیر و مرمت کی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments