خاتون پر تشدد، سر پھاڑ دیا، زیوراور 20ہزار روپے چھین لئے
کھٹالہ گجرات کے گلزارخان اوربیوی گلنازبانوکو طارق ،سکندروغیرہ نے ماراپیٹا
راہوالی (نمائندہ دنیا) گھریلو ناچاقی کے معاملے پر مہمان خاتون سے تلخ کلامی کے بعد اسے تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔ منع کرنے پر ملزم نے پستول کا بٹ مار کر خاتون کا سر پھاڑ دیا، جبکہ دھکم پیل کے دوران اس کا پرس، جس میں 20 ہزار روپے تھے ، اور طلائی چین بھی چھین لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کھٹالہ گجرات کے رہائشی گلزار خان نے پولیس کو درخواست دی کہ وہ اپنی بیوی گلناز بانو کے ہمراہ اپنے سالے سے ملاقات کے لیے اقبال ٹاؤن آیا ہوا تھا۔ شام سات بجے اس کے سالے معین شہزاد کے سسرال سے طارق محمود ، سکندر، حمزہ اور عاشر بھی وہاں آگئے ۔ گھریلو باتوں پر طارق وغیرہ نے اس کی بیوی سے تلخ کلامی شروع کر دی۔ گلزار خان کے منع کرنے پر ملزم مشتعل ہوگئے اور میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے لگے ۔ اس دوران طارق نے پستول نکال کر اس کی بیوی کے سر پر بٹ مارا اور اسے دھکے دیئے ۔ طارق اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا۔ مبینہ تشدد سے خاتون بے ہوش ہوگئی، جسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔ میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد پولیس نے ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments