روات کے علاقے میں 5 مسلح ڈاکو ڈاکخانے سے 11 لاکھ روپے لوٹ کرفرار
پوسٹ آفس بسالی میں دن کے وقت5ڈاکو داخل ہو ئے اور عملہ کو یر غمال بنا لیا ، کیمرہ نہ ہونے سے شواہد نہ مل سکے ،ڈاکوئوں کو کسی مزاحمت کا سامنابھی نہیں کرنا پڑا، مقدمہ درج کر لیا ہے ، پولیس
راولپنڈی( نامہ نگار) تھانہ روات کے علاقہ میں پانچ مسلح ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر ڈاکخانہ لوٹ لیا ، مسلح ڈاکو11لاکھ5ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ۔تھانہ روات کی حدود میں واقع پوسٹ آفس بسالی میں دن کے وقت5مسلح ڈاکو داخل ہو ئے اور اسلحہ کی نوک پر عملہ کو یر غمال بنا لیا اور ڈاکخانہ میں موجود گیارہ لاکھ5 ہزار روپے کی رقم لوٹ لی اور دو موٹرسائیکلوں پر بیٹھ کر فرار ہو گئے ، اطلاع ملنے پر روات پولیس موقع پر پہنچ گئی ، ایس ایچ او جاوید کیانی نے کہا کہ مقدمہ درج کر لیا ہے ، ڈاکخانہ میں سی سی ٹی وی کیمرہ یا گارڈ نہ تھا جس کی وجہ سے شواہد نہیں ملے ، ڈاکوئوں کو مزاحمت کا بھی سامنا نہیں کر نا پڑا، محکمہ ڈاک کے ضلع بھر میں موجود ڈاکخانوں میں دو سالوں میں 18 سے زائد ڈکیتیاں ہوئیں جن میں مزاحمت پر دو ملازمین قتل اور سوا کروڑ سے زائد کی رقم لوٹی گئی جن علاقوں میں وارداتیں ہوئیں ، ان میں ڈھوک چوہدریاں کے ڈاکخانے میں چار مرتبہ ، علاقہ اقبال کالونی ، ڈھوک گجراں ، اصغر مال ، تیلی محلہ ،بیگا شیخاں میں ایک ایک مرتبہ ڈکیتی ہوئی ۔