وزیر داخلہ نے مارگلہ پٹرول یونٹ کا فتتاح کردیا، موٹرسائیکل، گھڑ سوار شامل

وزیر داخلہ نے مارگلہ پٹرول یونٹ کا فتتاح کردیا، موٹرسائیکل، گھڑ سوار شامل

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ ٹریلز پر شہریوں کی حفاظت کیلئے مارگلہ پیٹرول یونٹ کا افتتاح کردیا۔

یہ یونٹ ٹریلز پر لوگوں کی حفاظت کے لئے تشکیل دیا گیا ہے ،فٹ پیٹرول میں 10 پولیس افسران شامل ہیں جو مکمل حفاظتی کٹ کے ساتھ ٹریلز پر پیدل گشت کریں گے ، موٹرسائیکل یونٹ میں 6 موٹرسائیکلز اور 16 افسران جبکہ گھڑ سوار 4گھوڑوں پر ٹریلز پر گشت کریں گے ۔ اس سلسلے میں مارگلہ ٹریلز پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی ،اسلام آباد پولیس کے سینئر پولیس افسران ،سول سوسائٹی کے ممبران،بائیکرز،فرینڈز آف پولیس پروگرام کے طلبا سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔ یہ یونٹ تین حصوں پر مشتمل ہے ،جن میں فٹ پیٹرول ،موٹرسائیکل پیٹرول اور گھڑ سوار پیٹرول کے دستے شامل ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارگلہ پیٹرول یونٹ ٹریلز پر لوگوں کی حفاظت کے لئے تشکیل دیا گیا ہے ،اس ٹریلز یونٹ کی تشکیل کا مقصد ٹریلز پر آنے والے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے ، اگر کوئی شہری رستہ بھول جاتا ہے یا کوئی ایمرجنسی ہوجاتی ہے تو یونٹ میں شامل پولیس افسران فوری مدد کے لئے پہنچیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی فوری داررسی اور انکو درپیش مسائل کے بروقت حل کیلئے اسلام آباد پولیس کو تمام وسائل مہیا کئے جارہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں