اسلام آباد میں بہترین صفائی: وزیر داخلہ کی ہدایت پر سینیٹری ورکرز کو ایک تنخواہ بطور بونس دینے کا اعلان

اسلام آباد میں بہترین صفائی: وزیر داخلہ کی ہدایت پر سینیٹری ورکرز کو ایک تنخواہ بطور بونس دینے کا اعلان

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر عیدالاضحیٰ پر خدمات انجام دینے والے سینیٹری ورکرز کے اعزاز میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے استقبالیہ دیا۔

 جس میں آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر افسران اور سینیٹری ورکرز نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیرو ویسٹ سٹی آپریشن کو کامیاب بنانے والے سینیٹری ورکرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ورکرز حوصلہ افزائی کے مستحق ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر سی ڈی اے ورکرز کو ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور بونس دینے کا اعلان کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ تمام افسران اور ہمارے ہیروز سینیٹری ورکرز نے جس محنت سے کام کیا اسکی مثال نہیں ملتی۔ اسلام آباد زیرو ویسٹ سٹی آپریشن کو کامیاب بنانے پر اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ان گمنام ہیروز کو منظر عام پر لانے پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد مبارکباد کے مستحق ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ورکرز نے دن دیکھا نہ رات، صرف خدمت میں مصروف رہے، میں اسلام آباد پولیس کی طرف سے ورکرز اور ان کی فیملیز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں