اسلام آبا د پولیس مقابلہ ، 3کار چور اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک :ساتھی خاتون زخمی حالت میں گرفتار

اسلام آبا د  پولیس  مقابلہ  ، 3کار  چور  اپنے  ہی  ساتھیوں  کی فائرنگ  سے  ہلاک  :ساتھی  خاتون  زخمی  حالت  میں  گرفتار

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر، اے پی پی) اسلام آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران بین الصوبائی کار چورگینگ کے 3ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ ساتھی خاتون زخمی حالت میں گرفتار کر لی گئی۔

 ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق دو ماہ سے اس خطرناک گینگ کے تعاقب میں تھے، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع سے اس گینگ کی معلومات اکٹھی کی گئی تھیں، گینگ کی آمدورفت کے حوالے سے ایک روٹ بنایا گیا تھا، ذرائع نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ یہ گینگ مری کی طرف نکلا ہے، اطلاع پر اے وی ایل سی، سی آر ٹی اور اے ٹی ایس کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں خصوصی ناکے لگائے، صبح کے وقت کشمیر چوک ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں نے مری روڈ سے آتی 2گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی، گاڑیوں میں موجود ملزمان نے اچانک پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ ترجمان کے مطابق ایک کار میں سوار ملزمان کی فائرنگ سے ان کے اپنے تین ساتھی ملزمان ہلاک ہوگئے، فائرنگ میں ایک عورت بھی زخمی ہوئی، فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار ہوگئے، لاشوں اور زخمی کو فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا، مرنیوالے ملزمان کی شناخت الیاس خان اور وقاص خان ساکن چارسدہ کے نام سے ہوئی ہے، ایک ڈیڈ باڈی کی شناخت جاری ہے، زخمی عورت کی شناخت حسیبہ امجد کے نام سے ہوئی۔ ہلاک ملزم الیاس خان خطرناک کارلفٹر گینگ کا سرغنہ جبکہ باقی گینگ ممبر ہیں، ملزمان نے رات کو مری سے گاڑی چوری کی اور فرار ہو رہے تھے۔ دوسری گاڑی بھی لاہور سے چھینی گئی تھی، کار سے متعدد غیر نمونہ نمبر پلیٹس، جیمر، موبالئزر، اگنیشن بریکر ، ایس ایم جی گن، پسٹلز برآمد ہوئے ہیں، ملزمان متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں