جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر، سبز ہلالی پرچموں کے سٹال سج گئے
اسلام آباد(سید قیصر شاہ)یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے شہر اقتدار و ملحقہ علاقوں سمیت ملک بھر بشمول آزاد کشمیر میں تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں، چارسو سبز ہلالی پرچموں کی بہار دکھائی دے رہی ہے۔
بچوں اور بڑوں کی طرف سے قومی پرچموں، جھنڈیوں، بیجز، چاند ستارے والے کپڑوں کی خریداری کا سلسلہ جا ری ہے۔ سرکاری غیر سرکاری عمارات سمیت گھروں، تجارتی مراکز پر جشن آزادی کی خوشی میں قومی پرچم لہرائے جارہے ہیں اور چراغاں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے، سری نگر ہائی وے، بلیو ایریا، مارگلہ روڈ سمیت مختلف سڑکوں اور تجارتی مراکز میں سبز ہلالی پرچموں کے سٹالز ماحول کو چار چاند لگا رہے ہیں جبکہ گلیوں و محلوں میں سبز ہلالی پرچم، رنگ برنگی جھنڈیوں، ملی نغموں پر مشتمل بینرز، بیجز اور سٹکرز کے سٹال بھی لگنا شروع ہوگئے ہیں۔ دکانوں پر قائداعظم محمد علی جناحؒ ، علامہ محمد اقبالؒ کی خوبصورت تصاویر لگائی گئی ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سمیت پرائیویٹ گاڑیوں پر بھی سبز ہلالی پرچم لہرائے جانے کا سلسلہ بھی شرو ع ہوگیا ہے۔ درمیانے سائز کا قومی پرچم ایک ہزار پندرہ سو روپے جبکہ اچھے کپڑے اور موتی ستاروں سے چاند تارا بنا ہوا پرچم چار ہزار اور درمیانے سائز کا پرچم دو ہزار تک دیا جا رہا ہے، اسی طرح سینے پر لگانے کیلئے میٹل کا چھوٹا پرچم 40تا 70روپے ٹوپی 100سے 400روپے سبز ہلالی پرچم پر مبنی مردانہ شرٹس 500سے 1000روپے تک فروخت کی جا رہی ہیں۔