جینڈر امپاورمنٹ، پائیدار ترقی کیلئے حکمت عملی ضروری:ایاز صادق
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، اے پی پی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا جینڈر امپاور منٹ اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے مکالمہ اور باہمی تعاون پر مبنی حکمت عملی تیار کرنا ضروری ہے ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار \"ICPD30\" کے تناظر میں \"جینڈر امپاورمنٹ فار گرین اکانومی\" کے موضوع پر علاقائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر نے کہا پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے ۔ پاکستان کی پارلیمان نے صنفی مساوات، خواتین کو بااختیار بنانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں۔ دریں اثنا سپیکر قومی اسمبلی سے جاپان کی وزیر مملکت توشیکو آبے نے ملاقات کی، ایاز صادق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا موسمیاتی تبدیلی نہایت اہم عالمی مسئلہ ہے ، تمام ممالک کو مل کر اس چیلنج سے نمٹنا ہوگا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات بالخصوص موسمیاتی تبدیلی، پارلیمانی روابط، تجارت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایاز صادق نے تعلیم و دیگر شعبوں میں جاپان کے تعاون کو سراہا۔ جاپانی وزیر مملکت نے پاکستان کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں ایاز صادق نے بیلاروس کے پاکستان میں سفیر آندرے میٹیلیسا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان اور بیلاروس کے درمیان سیاسی، ثقافتی، اقتصادی اور عوامی سطح پر روابط بڑھانا ضروری ہے ۔ ملاقات میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔