قائداعظم نے مظلوموں کو ان کا حق دلوایا:احسن اقبال
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی فیصل مسجد کیمپس میں جشن آزادی تقریب میں پرچم کشائی اور استحکام پاکستان سیمینار ہوا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، قائداعظم نے مظلوموں کو ان کا حق دلوایا۔ 14اگست کو پاکستان کا قیام ایک نظریے کی جیت تھی، تب سوچا جا رہا تھا یہ ملک بس چند سال ہے لیکن آج پاکستان ایٹمی طاقت ہے۔ ان کا کہنا تھا ناامیدی پھیلانے والے ناکام ہوں گے کیونکہ پاکستانی ذہین اور جفاکش قوم ہے۔ رانا مشہود احمد نے کہا زندہ قومیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتی ہیں، قوموں کی ترقی میں خلوص اور لگن کا کردار کلیدی ہے۔ ریکٹر ڈاکٹر ثمینہ ملک نے کہا آزادی کی قدر و قیمت ان سے پوچھیں جن کے پاس یہ نعمت نہیں۔ احسن اقبال اور رانا مشہود نے پرچم کشائی کی اور شجرکاری مہم میں پودا لگایا۔ اس موقع پر تاریخ و ثقافت کی نمائش کا افتتاح اور جشن آزادی کیک بھی کاٹا گیا۔