ڈھوک جمعہ میں چرس، آئس، ہیروئن سرعام بکنے لگی
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ڈھوک جمعہ و گردونواح میں منشیات فروشوں نے ڈیرے جما لیے۔ چرس، آئس، ہیروئن سرعام بکنے لگی۔۔
کوئی پوچھنے والا نہیں۔ نوجوان نسل منشیات جیسی لعنت کا شکار ہو کر تباہ ہونے لگی، غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کی بھرمار نے عوام علاقہ کا سکون غارت کر دیا۔ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے سے منشیات فروشی کے اڈے ختم کیے جائیں اور غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ ڈھوک جمعہ یوسف سٹریٹ چکلالہ کینٹ وارڈ نمبر 6راولپنڈی کے رہائشیوں نے ایک میٹنگ کے بعد منشیات فروشوں کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے سی پی او راولپنڈی، ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی، ڈی ایس پی سول لائن راولپنڈی، ایس ایچ او سول لائن راولپنڈی، چوکی انچارج طارق آباد تھانہ سول لائن راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری ایکشن لیا جائے، منشیات فروشی کا کاروبار ڈنکے کی چوٹ پر کیا جا رہا ہے۔ متعدد بار منشیات فروشوں کو اس کام سے باز رہنے کی تلقین کی مگر یہ لوگ لڑائی جھگڑے پر اتر آتے ہیں اور سنگین نتائج اور قتل کی دھمکیاں دیتے ہیں۔