سینیٹر عائشہ رضا کا پولیو مہم کا جائزہ، ٹیموں کی حاضری چیک کی
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) سینیٹر عائشہ رضا نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کے ہمراہ سی ٹی آر 5 حبیب کالونی کا دورہ کیا اور جاری انسداد پولیو مہم کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے ٹیموں کی حاضری اور فیلڈ میں پولیو مہم کے حوالے سے جاری کام کے بارے میں دریافت کیا اور پولیو ورکرز کی کارکردگی کو سراہا۔ عائشہ رضا نے کہا پولیو مہم کامیاب بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کے دو قطرے ضرور پلوائیں۔ ریفوزل اور نان اٹینڈڈ کیسز کو اگلے روز ہی نمٹایا جائے۔ اسی طرح پولیو مہم پر کام ہوتا رہا تو جلد پولیو کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے گا۔ اس موقع پر عائشہ رضا اور ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے بھی پلائے۔