راول ڈیم سپل ویز سے ضائع ہونیوالا پا نی استعمال میں لانیکا فیصلہ
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور سیکرٹری ایریگیشن پنجاب کی زیر صدارت جمعرات کے روز اجلاس منعقد ہوا۔۔
سیکرٹری ایریگیشن پنجاب نے بذریعہ زوم اجلاس میں شرکت کی جبکہ پنجاب سمال ڈیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں راول ڈیم کے اضافی پانی کی اسلام آباد میں ترسیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ راول ڈیم کے سپل ویز کے ذریعے ضائع ہونے والے پانی کو استعمال میں لایا جائے گا۔ سی ڈی اے نے پنجاب حکومت سے 2سال قبل راول ڈیم کے اضافی پانی کی فراہمی کیلئے درخواست کی تھی۔ اجلاس میں راول ڈیم سے اسلام آباد کو مزید 2ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے کا واٹر مینجمنٹ ونگ اور پنجاب سمال ڈیم کی ٹیمیں ملکر پانی کی فراہمی کے ایس او پیز کو حتمی شکل دیں گی اور پانی کی فراہمی کا طریقہ کار طے کرنے کے بعد حتمی منظوری لی جائے گی۔