پولیس مقابلہ، ڈکیتی کا ملزم ہلاک، لواحقین کا لاش کیساتھ احتجاج

پولیس مقابلہ، ڈکیتی کا ملزم ہلاک، لواحقین کا لاش کیساتھ احتجاج

مری (نمائندہ دنیا) کشمیر پوائنٹ پر یونیورسٹی کی 3طالبات سے ڈکیتی کا ملزم ذیشان مبینہ پولیس مقابلہ میں جاں بحق ہو گیا، لواحقین نے جی پی او چوک مال روڈ مری پر لاش رکھ کر احتجاج کیا۔۔۔

 لواحقین کا کہنا تھا مری پولیس نے جعلی مقابلہ میں ہلاک کیا ہے، پہلے افواہ پھیلائی گئی کہ ذیشان پولیس حراست سے فرار ہوگیا، بعد میں کہاگیا مقابلہ میں مارا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پولیس انصاف فراہم کریں اور شفاف انکوائری کرکے حقائق کو سامنے لایا جائے۔ ترجمان ضلع پولیس مری کی پریس ریلیز کے مطابق ملزم ذیشان نے پولیس حراست سے فرار کے بعد نامعلوم ساتھی سے مل کر شہری ندیم سے موٹر سائیکل، رقم، موبائل فون چھینا جس کا مقدمہ درج ہوا، ملزمان رات 12بجے بروری لنک روڈ پہنچے جہاں مری پولیس نے ناکہ بندی کی ہوئی تھی، ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پرفائرنگ کی اور جنگل کی طرف فرارہوگئے، پولیس نے تعاقب کیا تو ملزم ذیشان اپنے دوسرے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا پڑا تھا جس سے اسلحہ، چھینی ہوئی رقم، شناختی کارڈ، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد ہوا، ملزم کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ جاں بحق ہوگیا۔ مقدمہ درج کرکے ذیشان کے ساتھی کی تلاش شروع کر دی گئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں