جڑواں شہروں میں شیڈول کے برخلاف سڑکیں بند، سروس روڈز پر ٹریفک جام
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر، ایجنسیاں، مانیٹرنگ) جڑواں شہروں کی بیشتر سڑکیں گزشتہ روز ٹریفک کیلئے بند کر دی گئیں اور کرفیو کا سماں رہا۔۔۔
ٹریفک پلان و شیڈول کے بر خلاف متعدد سڑکیں بند کئے جانے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سا منا کرنا پڑا، سروس روڈز پر دن بھر ٹریفک جام رہا، موٹروے پر بھی سفرکی اجازت نہیں دی گئی، صبح دفتر جانے والے شہری دن بھر سڑکوں کی خاک چھاننے کے بعد بغیر حاضری لگائے گھر واپس آگئے، گوگل میپ پر اسلام آباد میں ہرطرف روڈ بلاکیج کے نشانات لگے اور سروس روڈز پر سرخ، پیلے رنگوں کی لائنیں ٹریفک جام کی نشاندہی کر رہی ہیں، متبادل روٹس بھی بند کر دیئے گئے۔ شہریوں کا کہنا تھا روٹ کی سڑکیں بند کرنا تو ضروری مگر روٹ سے دور سڑکیں بند کرنا سمجھ سے باہر ہے۔ جڑواں شہروں میں عام تعطیلات کے باعث اگرچہ رش نہیں، اس کے باوجود ہزاروں افراد کا کاروبارِ زندگی متاثر ہوا۔ اسلام آباد ایکسپریس وے ، کشمیر ہائی وے اور مری روڈ کے تمام راستے مکمل بند کر دیئے گئے۔ شہری محصور ہو کر رہ گئے، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کہیں بھی انہیں سرکاری اہلکاروں کی طرف سے گائیڈ نہیں کیا گیا، مسافر راستہ پو چھتے رہے۔