علامہ اقبال ؒ ملت انسانیہ کیلئے بھی مضطرب رہے ،پروفیسر فتح محمد ملک
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ممتاز اقبال شناس، نقاد و دانشور پروفیسر فتح محمد ملک نے کہا ہے کہ اقبال نہ صرف ملت اسلامیہ بلکہ ملت انسانیہ کی خاطر مضطرب و بے چین رہے جسکا اظہار وہ اپنی نظم و نثر میں کرتے رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظریہ پاکستان کونسل میں یوم اقبال کے حوالے سے \"اقبال کا نوجوان\" کے عنوان سے منعقدہ سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب قائد اعظم بد دل ہوکر لندن چلے گئے تو اقبال نے انہیں خط وکتابت کے ذریعے اور بالآخر لندن جا کر تحریک پاکستان کی قیادت سنبھالنے کیلئے راضی کیا۔ جب پاکستان معرض وجود میں آگیا تو قائد اعظم نے اپنی پہلی تقریر میں کہا کہ اب مسلم لیگ کے منشور پر عمل کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ سیمینار کے مہمان خصوصی چیئرمین رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی خورشید ندیم نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ تقریب میں نوجوانوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے ۔ اقبال نے نوجوانوں کو امیری کی بجائے غریبی میں نام پیدا کرنے کی دعوت دی۔ آج بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اقبال کی شاعری میں پوشیدہ اسرار و رموز سے روشناس کریں۔ نظریہ پاکستان کونسل کے چیئرمین میاں محمد جاوید نے کہا کہ اقبال ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے اور انکی تعلیمات کے پاکستانی معاشرے پر اثرات بہت گہرے ہیں۔