زیتون کے تیل کی برآمد شروع ہو چکی ہے ،وفاقی وزیر خوراک
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ حکومت زیتون کی ویلیو چین کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور اس شعبے میں جدت، شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
گزشتہ روز ان خیالات کااظہار انہوں نے گرینڈ نیشنل اولیو گالا 2024 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا زیتون کی کاشتکاری ایک ابھرتا ہوا شعبہ ہے جو نہ صرف زرعی ترقی بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں، غربت کے خاتمے اور بنجر زمینوں کو سرسبز بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے ، زیتون کی کاشتکاری سے نہ صرف مقامی معیشت مضبوط ہو رہی ہے بلکہ ملک کو زیتون کی درآمدات سے بھی نجات ملی ہے ۔ نجی شعبے کی مدد سے زیتون کے تیل کی برآمد بھی شروع ہو چکی ہے اور 70سے زائد نئے سٹارٹ اپس اس شعبے میں کام کر رہے ہیں۔رانا تنویر حسین نے تعاون پر اطالوی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اطالوی کمپنیوں کو زیتون کی صنعت میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔