موٹرویز پر ایئر ایمبولینس سروس جلد متعارف ہوگی، علیم خان

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک بھر میں موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ایئر ایمبولینس سروس جلد متعارف ہوگی ، اس حوالے سے اقدامات جاری ہیں۔۔۔
یہ سروس اس مقصد کے تحت شروع کی جا رہی ہے کہ سڑک حادثات میں زخمی ہونے والوں کو ممکنہ حد تک کم وقت میں ہسپتال پہنچایا جا سکے ۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے یہ بات کازان فورم کے اختتام پر تاتارستان کے ایکسپو سینٹر کے دورے کے دوران کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کازان کی ترقی کا ماڈل انتہائی متاثر کن ہے اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں اس سے سیکھا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کازان میں ایئر ایمبولینس سروس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے پاکستان میں بھی اسی طرح کی سروس قائم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجربات کا تبادلہ ممکن ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ سفر کے دوران سڑک حادثات میں اموات کی شرح تشویشناک ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی امداد فراہم کی جائے ۔