مری،پنڈدادنخان،ایبٹ آباد ،سوات میں حادثات،3افرادجاں بحق

 مری،پنڈدادنخان،ایبٹ آباد ،سوات میں حادثات،3افرادجاں بحق

مری، ایبٹ آباد، کھیوڑہ، سوات(نمائندگان دنیا، نیوز ایجنسیاں)مری، پنڈدادنخان، ایبٹ آباد، سوات میں حادثات، 3 افراد جاں بحق اور 49 زخمی ہوگئے۔ نیو مری بابالعل شاہ قلندر کی چلہ گاہ کے قریب تیز رفتاری کے باعث بس حادثہ کا شکار ہوگئی۔۔۔

 جس کے نتیجے میں 19 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 12 افراد کی حالت تشویشناک ہے ،تمام زخمیوں کاتعلق لاہورسے بتایاگیا ہے جو نیومری میں بابالال شاہ قلندر کے عرس میں شرکت کیلئے جارہے تھے ۔ ادھرایبٹ آباد میں 2 کاروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 7افراد زخمی ہو گئے ۔ ترجمان ریسکیو1122 ایبٹ آباد کے مطابق ہزارہ موٹر وے انٹرچینج پر مانسہرہ سے آنے والی 2 کاروں کے درمیان حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو میڈیکل ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا۔ حادثے میں 7 افراد زخمی ہو گئے جن میں 37 سالہ طارق، 40سالہ حنیف اﷲ اور 28سالہ سمیرسکنہ پشاور اور دوسری گاڑی میں 24 سالہ علی رضا، 22 سالہ گل شیر، 22 سالہ عبدالباسط اور 16سالہ محسن سکنہ راولپنڈی شامل ہیں جنہیں ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں پنڈدادنخان کے علاقہ ڈھڈی تھل کے قریب دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاںبحق جبکہ دوسرے موٹرسائیکل پر سوار تین افراد شدید زخمی ہو گئے ،جاںبحق ہونے والے شخص کی شناخت غلام جیلانی ولد منور خان ساکن پیر کھارا کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں کا تعلق خوشاب سے ہے، زخمیوں میں ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ،ایک بچی سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا،دریں اثنا  سوات کے علاقہ شاہ ڈھیری میں بارات والی کوچ گہری کھائی میں جا گری، حاد ثے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ بچوں اور خواتین سمیت 20 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں