عیدالاضحی کے تین دن میں 300 ٹن آلائشیں تلف کی گئیں، ڈی سی مری

مری(نمائندہ دنیا)مری میں عیدالاضحی پر صفائی کا شاندار آپریشن کامیابی کیساتھ مکمل کرلیا گیا،عیدالاضحی کے تین دنوں میں 300 ٹن آلائشیں تلف کی گئیں اور شہر کو صاف و شفاف بنایا گیا، اس اقدام کو ضلعی انتظامیہ اور عوام نے سراہا۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ آرڈبلیوایم سی مری کے 700 سے زائد اہلکار اور93 مشینری یونٹس تین دن متحرک رہے جبکہ مری کوٹلی ستیاں اورگردونواح کی 22 یونین کونسلوں میں بھی مکمل صفائی کی گئی ،ستھراپنجاب کے حوالے سے 10 مرکزی کلیکشن پوائنٹس اور 3 ویسٹ ٹرانسفر سٹیشنز قائم کیے گئے تھے جہاں سے فضلہ کو محفوظ طریقے سے لوسر ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا گیا،قدرتی ماحول کومزید خوشگوار رکھنے کے لیے 15,000 کلو چونا، 100 لٹر عرق گلاب اور 200 لٹر فینائل کا استعمال کیا گیا جبکہ عیدگاہوں، چوکوں اور اہم سڑکوں کو روزانہ دھویا اور جراثیم سے پاک کیا گیا۔