محمد علی رندھاوا سے ہائی کمشنر بنگلہ دیش کی ملاقات، اسلام آباد، ڈھاکا کو سسٹر سٹی قرار دینے کی تجویز

محمد علی رندھاوا سے ہائی کمشنر بنگلہ دیش کی ملاقات، اسلام آباد،  ڈھاکا کو سسٹر سٹی قرار دینے کی تجویز

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے گزشہ روز ملاقات کی۔

 ہائی کمشنر نے اسلام آباد کی خوبصورتی اور ترقی کیلئے کئے گئے سی ڈی اے کے شاندار اقدامات کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے خصوصاً اسلام آباد اور ڈھاکا کے درمیان سسٹر سٹی کا تعلق قائم کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کی تجویز پیش کی۔ محمد علی رندھاوا نے تجویز کا خیر مقدم کیا اور ایم او یو کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔ چیئر مین نے کہا پاکستان اپنے برادر ملک بنگلہ دیش کو انتہا ئی قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، انہوں نے کہا جلد ہی ڈپلومیٹک انکلیو کی تزئین و آرائش کا کام شروع کر دیاجا ئیگا ۔ علاوہ ازیں محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکٹر ڈویلپمنٹ خصوصاً سیکٹر E-12، سیکٹر C-14، سیکٹر C-15, سیکٹر C-16، سیکٹر I-12، شاہین چوک ، کشمیر چوک، ری ماڈلنگ آف فیض آباد انٹرچینج ، سی ڈی اے نرسری کو \\\'گارڈینا حب\\\' میں تبدیل کرنے ، بلیو ایریا پارکنگ پلازہ ، پولیس اکیڈمی کی تعمیر، پاک سیکرٹریٹ کے ملازمین کیلئے پارکنگ ایریا کی تعمیر کے بارے میں اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی رہائشی سہولیات میں اضافہ سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کی تمام شاہراہوں پر خوبصورت لائٹس بتدریج لگائی جائیں۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر سی ڈی اے کی ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی جو اسلام آباد کی پانچ شاہراہوں کا دورہ کرکے ان شاہراہوں کی اپ لفٹنگ ، نئی لائٹس کی تنصیب کا جائزہ لے گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ بلیو ایریا پارکنگ پلازہ ایک ماہ میں مکمل فعال کیا جا ئے ۔علاوہ ازیں محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا گیارہواں اجلاس ہوا جس میں این آئی آر سی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے سی ڈی اے کے 22 عارضی ملازمین کی مستقلی کو سپریم کورٹ میں زیر التوا  اپیل کے حتمی فیصلے تک مستقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں ماڈل نرسری ، لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کے حوالے سے تیکنیکی اور پنجاب یونیورسٹی سے الحاق کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں