پردیسیوں کی واپسی نہ ہونے سے جڑواں شہروں کی رونقیں ماند

راولپنڈی (زاہد اعوان سے) بڑی عید پر لمبی چھٹیاں، پردیسیوں کی آبائی علاقوں میں اپنے پیاروں کے ساتھ عیدالاضحیٰ منانے کے بعد تاحال واپسی مکمل نہیں ہوئی۔۔۔
اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کی رونقیں عید کے چار روز بعد بھی بحال نہ ہوسکیں، سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم اور کاروباری سرگرمیاں ماند رہیں، دونوں شہروں کی رونقیں پیر 16جون تک بحال ہونے کا امکان ہے۔ عیدالاضحیٰ کی سرکاری تعطیلات 9جون تک تھیں لیکن تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات اور گرمی میں بے پناہ اضافے کے باعث آبائی علاقوں میں عید منانے کیلئے جانے والے سرکاری ملازمین کی اکثریت نے آج (جمعہ) تک اضافی چھٹیاں لے لیں، ہفتہ اتوار کو چھٹی کے باعث پردیسیوں کی مکمل واپسی اتوار تک ہوگی اور دفاتر میں حاضری پیر سے ہی مکمل ہوگی۔ دیہاڑی دار مزدور طبقہ بھی واپس نہیں آیا جس کے باعث تعمیراتی سرگرمیاں بھی متاثر ہیں جبکہ مارکیٹوں میں بھی رش دیکھنے کو نہیں مل رہا۔