وزارت خارجہ کا مینگو فیسٹیول، غیرملکی سفیروں کی شرکت

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزارت خارجہ نے بھرپور اور رنگارنگ مینگو فیسٹیول کا اہتمام کیا، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان مہمان خصوصی تھے۔۔۔
پاکستان میں متعین غیرملکی سفیروں اور ان کے اہل خانہ سمیت وزارت خارجہ کے افسران بھی فیسٹیول میں شریک ہوئے۔ شرکا کی مختلف اقسام کے پاکستانی آموں اور کھانوں سے تواضع کی گئی۔ فیسٹیول میں مختلف سفارتخانوں کی جانب سے کھانوں کے سٹال بھی لگائے گئے تھے۔ جام کمال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا آم نہ صرف پاکستان کا قومی پھل بلکہ دوستی اور خیر سگالی کی علامت بھی ہے۔ اس فیسٹیول کا مقصد سفارتی برادری میں اپنے دوستوں کے ساتھ اپنی ثقافت کا اہم حصہ شیئر کرنا ہے۔ آم کی صنعت میں اب بھی قابل استعمال صلاحیت موجود ہے جسے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کہا پاکستان دنیا میں آم پیدا کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے جو ملک کی مضبوط زرعی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کا مقصد کسانوں اور برآمد کنندگان کو بین الاقوامی منڈیوں میں موثر طریقے سے مقابلہ کرنے کیلئے بااختیار بنانا ہے۔