اسلام آباد کے تعلیمی نظام کو ماڈل بنا نا ہمارا فرض ، احسن اقبال

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تعلیمی نظام کو ماڈل بنا کر دیگر صوبوں کیلئے مثال بنانا ہمارا فرض ہے۔۔۔
، اسلام آباد میں تعلیمی اصلاحات کو ملک بھر کیلئے قابل تقلید مثال بننا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں پرائمری اور مڈل سطح پر طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، آرٹیفشل انٹیلیجنس اور کمپیوٹر کوڈنگ جیسے مضامین سے آراستہ کرنا ہوگا، حکومت ہر سال فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن پر 19ارب روپے خرچ کر رہی ہے، لیکن کیا اس کے مطابق نتائج نظر آتے ہیں؟، اگر تعلیمی بجٹ کا ایک فیصد تعلیمی نظام کی نگرانی کیلئے مارکیٹ سے بہترین ٹیلنٹ بھرتی کرنے کیلئے وقف کیا جائے تو اسی بجٹ سے نتائج میں انقلاب لایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا محکمہ تعلیم کے دفاتر تبادلوں کے آرڈرز کے چھاپہ خانے بن چکے ہیں جبکہ وہاں جدید ٹیکنالوجی کو تعلیمی نظام میں لاگو کرنے پر دن رات کام ہونا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے وزارت تعلیم کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں تعلیمی اصلاحات کا روڈ میپ پیش کیا جائے۔